انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی میں تلخ کلامی پر تحریک انصاف کا رد عمل بھی آگیا

Published On 04 May,2024 10:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گندم سکینڈل پر انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی میں تلخ کلامی کے معاملہ پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل بھی آگیا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ سابق نگران وزیراعظم اور حنیف عباسی کے درمیان تکرار قوم کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، انوار الحق کاکڑ اور حنیف عباسی میں ہونے والی تلخ کلامی دراصل مینڈیٹ چرانے کا اعتراف جرم ہے۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ سابق نگران وزیراعظم کا مسلط ہونے والوں کو فارم 47 کی دھمکی دینا اصل حقائق سے پردہ چاک کرتا ہے، سابق نگران وزیراعظم اور موجودہ حکمران جماعت کے رکن کی گفتگو شفاف تحقیقات کی متقاضی ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ مینڈیٹ چرانے والے اپنے جرائم تسلیم کرنے کے بجائے ایک دوسرے کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں، گندم درآمدی سکیم پر بے سود تحقیقات قومی مجرموں کو بچانے کی ایک گھناؤنی کوشش ہے۔

تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن قائم کر کے اضافی گندم درآمد کرنے کے ذمہ داران کا احتساب کیا جائے، جوڈیشل انکوائری کے ذریعے انتخابی نتائج میں ردوبدل کے پیچھے کارفرما عناصر کو بھی بے نقاب کیا جائے، عوامی مینڈیٹ حقیقی حق داروں کو واپس کیا جائے۔