اسلام آباد: (وقار علی سید) جمعیت علماء اسلام (ف) نے وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا علی امین گنڈاپور کے حالیہ بیان پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے علیحدہ حکومت مخالف تحریک چلانے کا فیصلہ کر لیا۔
جے یو آئی اور پی ٹی آئی کے مابین اعتماد کے فقدان کی بڑی وجہ وزیراعلیٰ خیبرپختوانخوا علی امین گنڈا پور کا مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے حالیہ بیان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے بیان کے بعد جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے ناراضگی کا اظہار کیا اور موقف اپنایا کہ پی ٹی آئی کے جو لوگ بات اور رابطہ کرتے ہیں ان کے پاس مینڈیٹ نہیں ہوتا، تحریک انصاف کی ضرورت نہیں، ہم حکومت کیخلاف الگ تحریک چلائیں گے۔
جے یو آئی نے مزید کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی غیر سنجیدہ کوششوں کا کوئی فائدہ نہیں، پی ٹی آئی پہلے اپنی صفوں میں اتفاق پیدا کرے پھر رابطہ کرے۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمن نے بھی پارٹی رہنماؤں کو پی ٹی آئی سے فی الحال رابطہ نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب سنجیدہ رابطہ ہوگا تو غور کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سابق سپیکر قومی اسمبلی و تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے رابطوں کا فیصلہ کیا تھا۔