لاہور: (دنیا نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جو آدمی 60 سال کی عمر میں پہنچ جائے اس کو ایکسٹینشن نہ دو، ایکسٹینشن بربادی کا راستہ ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان میں جتنے بھی الائنسز بنے ہیں وہ اس بات پر بنے کہ کس حکومت کو گرانا ہے اور کس کو بٹھانا ہے، ہمارا یہ واحد الائنس ہے جس کی بنیاد ہے کہ آئین کی بالادستی کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین کاغذ کا ٹکڑا نہیں سماجی معاہدہ ہوتا ہے، ہم جاہل ،ان پڑھ صحیح لیکن اتنے پاگل نہیں کہ کہیں ہماری فوج مضبوط نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 60 کی دہائی میں سوئی کے مقام پر گیس نکلی اور پورے پاکستان کے طول و عرض میں پھیلی، ہمارے علاقے میں آج بھی لوگ جھاڑیاں کاٹ کر روٹی بناتے ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دنیا میں قدورتیں ناانصافی سے پھیلتی ہیں، یہاں عدل کا مذاق اڑایا جاتا ہے، خریدا اور بیچا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سچ یہ ہے کہ 8 فروری کا الیکشن پی ٹی آئی جیت چکی ہے، سیاسی لوگ بیٹھ کر اس چوری کا علاج نکال سکتے ہیں، ہم نے تحریک شروع کی ہے، کسی کو گالی نہیں دیں گے۔