اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنا اور پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کے کیسز سماعت کیلئے مقرر کر دیئے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 6 مئی کو سماعت کرے گا، بنچ میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بھی شامل ہیں۔
عدالت نے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے، وفاقی حکومت کی جانب سے فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہ ملنے کا کیس بھی 8 مئی کو سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کیلئے تین رکنی بنچ تشکیل دے دیا، جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس اطہر من اللہ بنچ کا حصہ ہوں گے۔