لاہور: (دنیا نیوز) رہنما پاکستان تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے پھر لوگ کیوں الیکشن لڑیں؟
لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن میں خطاب کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا بد ترین دور ہے، یہ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے پھر لوگ کیوں الیکشن لڑیں؟ کیا یہ آئین کے ساتھ کھلواڑ نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ اس وقت عملاً جنگل کا قانون ہے، 9 مئی کا ایک جھوٹا بیانیہ بنا کر میڈیا پر چلایا گیا، ہم نے کہا ہے 9 مئی پر ایک کمیشن بنایا جائے، یہ عملاً پولیس اسٹیٹ ہے، ہمارے صوبے میں جو حال ہے لوگ پاکستان کے خلاف باتیں کرنے لگے ہیں۔
اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ ہم فوج کی عزت کرتے ہیں مگر آئین میں جو فوج کا کردار ہے اس میں رہیں، ہمارے ساتھ جو ظلم ہو رہا ہے اس تشدد کا مقابلہ کریں گے، ہم مطالبہ کرتے ہیں بانی پی ٹی آئی اور ہمارے کارکنان کو رہا کیا جائے۔