اسلام آباد: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کی نئی نیب تحقیقات کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی نے بھی نیب کی نئی انکوائری میں طلبی کا نوٹس اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
بانی پی ٹی آئی نے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی جس میں چیئرمین نیب، سپرنٹنڈنٹ جیل اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت میں دائر درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) کے کال اپ نوٹس کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی۔
توشہ خانہ تحائف بیچنے کے کیس میں نیب کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک ہی الزام کے مقدمے میں مختلف قسم کی کارروائی نہیں ہو سکتی۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی نیب کے طلبی نوٹس کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔