اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس میں نیب کی تاریخ کا تیز ترین ٹرائل ہوا۔
نیب نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس 19 دسمبر 2023 کو دائر کیا، احتساب عدالت نے محض ایک ماہ بارہ دن میں ٹرائل مکمل کر کے فیصلہ سنایا۔
اڈیالہ جیل میں ہونے والے اس تیز ترین ٹرائل میں نیب نے 16 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرائے۔
واضح رہے کہ یہ احتساب عدالت اسلام آباد کی تاریخ کا سب سے کم وقت میں ریفرنس کا تیز ترین ٹرائل مکمل ہوا اور فیصلہ آنے کا ریکارڈ بن گیا یے کیونکہ اس سے قبل اتنی جلدی کسی نیب ریفرنس کا ٹرائل اور فیصلہ نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ نواز شریف کیخلاف ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کیس کا فیصلہ 10 ماہ میں ہوا تھا، 8 ستمبر 2017ء کو ریفرنس دائر ہوئے تھے، 6 جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس جبکہ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں 24 دسمبر 2018ء کو فیصلہ آیا۔
سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 10 سال، ایون فیلڈ میں 7 سال قید سزا ہوئی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں بری کر دیا گیا تھا۔