راولپنڈی: (دنیا نیوز) توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔
بانی پی ٹی آئی کے وکلاء اور نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل مظفر عباسی بھی ٹیم کے ہمراہ کمرہ عدالت میں موجود تھے، اس دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد کی گئی۔
عدالت نے ملزمان کو کمرہ عدالت میں چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ، چارج شیٹ سننے کے بعد ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی کو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی نقول فراہم کر دی گئیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے ملزمان میں توشہ خانہ مقدمے کی نقول تقسیم کر دی تھیں، تاہم شریک ملزمہ بشریٰ بی بی کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔