توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار

Published On 21 December,2023 04:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے توشہ خانہ کیس کا فیصلہ معطل کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی، بانی پی ٹی آئی کی طرف سے توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے تناظر میں ہونیوالی کارروائیوں کو روکنے کی استدعا کی گئی تھی۔

بانی پی ٹی آئی نے متفرق درخواست میں سزا معطلی کے فیصلے میں تبدیلی کی استدعا کی تھی، چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے 11 دسمبر کو درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کر لیا

فیصلے کے مطابق قانون میں سزا معطلی کے آرڈر میں نظر ثانی یا ترمیم کی گنجائش نہیں، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے سزا معطل ہوسکتی ہے، فیصلہ نہیں، سپریم کورٹ واضح کر چکی ہے کہ سزا معطلی سے فیصلہ معطل نہیں ہوتا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے سزا معطلی کی درخواست میں فیصلہ معطل کرنے کی استدعا نہیں کی تھی۔