احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کر لیا

Published On 20 December,2023 06:43 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف گزشتہ روز دائر کیے گئے توشہ خانہ نیب ریفرنس میں اہم پیشرفت، احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ نیب ریفرنس 23 دسمبر کو سماعت کے لیے مقرر کیا ہے، احتساب عدالت نے دونوں ملزمان کو 23 دسمبر کی طلبی کے نوٹسز جاری کر دئیے، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران احکامات جاری کیے۔

ریفرنس کے مطابق وزارت عظمیٰ کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 108 تحائف ملے، 108 تحائف میں سے 58 تحائف ملزمان نے رکھ لیے، تحائف کم مالیت ظاہر کرکے رکھے گئے۔

ملزمان نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ بھی کم مالیت پر حاصل کیا، بشریٰ بی بی نے سعودی ولی عہد سے ملنے والا جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا، ملزمان تحائف توشہ خانہ میں جمع کرانے کے پابند تھے۔