ملک بھرمیں پیر سےسال کی آخری قومی پولیو مہم کا آغاز

Published On 14 December,2025 09:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں پیر سے سال 2025 کی آخری قومی پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

نیشنل ای او سی کے مطابق پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، رواں سال کی یہ آخری پولیو مہم 15 تا 21 دسمبر تک ملک بھر میں جاری رہے گی۔

حکام کا کہنا تھا پنجاب میں 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ، سندھ میں 1 کروڑ 6 لاکھ سے زائد ، خیبر پختونخوا میں 72 لاکھ سے زائد ، بلوچستان میں 26 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اِسی طرح اسلام آباد میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد، آزاد جموں و کشمیر میں 7 لاکھ 60 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

نیشنل ای او سی نے کہا کہ 7 روزہ قومی پولیو مہم میں 4 لاکھ سے زائد مرد و خواتین پولیو ورکرز اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں گے، بچوں کو پولیو سے بچانا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

حکام  نے اپیل کی کہ قوم کے مستقبل کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے والدین پولیو ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے انہیں دو قطرے لازمی پلوائیں۔