پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر سے پولیو کا نیا کیس رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد صوبے میں رواں سال پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 30 ہو چکی ہے۔
نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ پولیو جیسے مہلک مرض پر قابو پانے کیلئے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر قومی انسداد پولیو مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔
ترجمان نیشنل ای او سی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، صرف پولیو ویکسین ہی نہیں بلکہ بچوں کو دیگر حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی وقت پر مکمل کرایا جائے تاکہ ان کی مجموعی صحت اور قوتِ مدافعت کو مضبوط بنایا جا سکے۔