گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) سابق صدر عارف علوی نے نو مئی کے مقدمہ میں گرفتار ملزم عثمان لغاری کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔
سابق صدر عارف علوی نے عثمان لغاری کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نو مئی میں جو سزائیں ہوئیں اس کی مذمت کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی نے مجھے ہدایت کی ہے جن لوگوں کو سزائیں ہوئیں، جنہوں نے گرفتاریاں دیں ان کے گھروں میں جاؤں۔
عارف علوی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا انہیں تسلی دوں، بانی پی ٹی آئی نے کہا انہیں بتاؤں یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، صحافی نے عارف علوی سے سوال کیا کہ ایک طرف پی ٹی آئی کہتی ہے نو مئی کو فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں سے ہمارا تعلق نہیں، دوسری طرف آپ ان لوگوں کے گھر جارہے ہیں وضاحت کریں پی ٹی آئی کا پالیسی بیانیہ ہے کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے جواب میں کہا کہ پالیسی بیانیہ میں نے آپ کے سامنے بیان کر دیا ہے، میں ان کے گھر بھی جا رہا ہوں اور انہیں تسلی بھی دے رہا ہوں۔