لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں ایئر ایمبولینس سروس جلد شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے جون کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ایئر ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز رضوان نصیر نے ایئر ایمبولینس سروس اور سی پی آر ٹریننگ پر بریفنگ دی۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں ہنگامی صورتحال میں مریض شفٹ کرنے کیلئے ایئر ایمبولینس سروس استعمال ہوگی۔
اس موقع پر مریم نواز نے طلبہ کیلئے سی پی آر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو ہارٹ اٹیک کی فرسٹ ایڈ ٹریننگ دی جائے گی۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ نے سی پی آر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایئر ایمبولینس سروس کیلئے موک ایکسر سائز کا مرحلہ مکمل ہوگیا، ایئر ایمبولینس سروس کیلئے ڈاکٹر اور سٹاف کی ٹریننگ جاری ہے۔