لاہور: (دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے سب سے بڑے ملتان روڈ انٹر چینج کا افتتاح کر دیا۔
مریم نواز نے تکمیل کے بعد رنگ روڈ سدرن لوپ 3 کا بھی باقاعدہ آغاز کیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ایک ماہ کے لئے ایس ایل تھری پر ٹول ٹیکس معاف کر دیا گیا جس کے باعث شہری مفت سفر کرسکیں گے
وزیراعلیٰ نے ایس ایل فور پراجیکٹ کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور اڈا پلاٹ سے ملتان روڈ انٹر چینج تک روڈ کا معائنہ کیا۔
انہوں نے لاہور رنگ روڈ کے ملتان روڈ انٹر چینج کا بھی معائنہ کیا،وزیر مواصلات پنجاب ملک صہیب نے پراجیکٹ پر بریفنگ دی کہ ایس ایل تھری ملتان روڈ انٹر چینج پنجاب کا سب سے بڑا انٹر چینج ہے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایس ایل 3 بننے سے شہر کی اندرونی سڑکوں پر رش کم ہو گا، ایس ایل 3 لاہور میں ٹریفک منیجمنٹ کیلئے بہت اہم ہے، ٹھوکر اور کینال روڈ پر بھی رش کم ہو گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، ایم این اے افضل کھوکھر، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر زید بن مقصود، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔