اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے آپریشن کے خلاف دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کی ہدایت کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے عمر ایوب کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض دور کرنے کی ہدایت کی، وکلا شعیب شاہین اور عمیر بلوچ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اعتراض دور کرکے نمبر لگوائیں، درخواست دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما کی جانب سے دائر درخواست میں سی ڈی اے کی جانب سے مرکزی سیکرٹریٹ سیل کرنے کا حکم نامہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی۔