راولپنڈی:(دنیا نیوز) 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی اڈیالہ جیل میں سماعت وکلاء کی عدم حاضری کے باعث سماعت بغیر کارروائی 4جون منگل تک ملتوی ہوگئی۔
سماعت کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت پیش کیا گیا، جس پر دونوں کا کہنا تھا کہ ہمارے وکلاء پر اسلام آباد میں دہشتگردی کا مقدمہ درج کیا گیا اس لیے پیش نہیں ہو سکے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست کے وکلاء گرفتار تو نہیں ہوئے پھر حاضر کیوں نہیں ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جن وکلاء کو دہشتگردی مقدمہ میں نامزد کیا گیا، انہوں نے ہی اس ریفرنس کا دفاع کرنا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست مرکزی وکلاء کی عدم حاضری کے باعث استغاثہ کے 9گواہان پر جرح بھی نہ ہو سکی، ملزمان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت پیش ہوئے، عمران خان کے وکلاء اظہر صدیق، شعیب شاہین و دیگر کی جانب سے عدالت میں درخواست جمع کرائی گئی۔
وکلا کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کے وکیل عثمان گل پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، عثمان گل پر دہشت گردی کے مقدمہ کے بعد عدالت میں پیش کردیا، جس وکیل نے جرح کرنی ہے ان پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا ہے اس لیے پیش نہیں ہوسکتے۔
عدالت نے سماعت بغیر کارروائی کے 4 جون تک ملتوی کردی۔