پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ لاکھ کوشش کریں مگر بلاول میں وزیراعظم بننے کا مطلوبہ سسٹم موجود نہیں۔
اپنے بیان میں رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ سندھ کا سیاسی مافیا ‘’بلاوجہ بھٹو‘‘ کو وزیراعظم بنانے کی تگ ودو میں لگا ہے، پنجاب کے ساتھ سندھ کا سیاسی مافیا بھی قیدی نمبر 804 کی بڑھتی مقبولیت سے خائف ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ہوتے ہوئے بلاول زرداری کا وزیراعظم بننے کا خواب پورا نہیں ہوگا، لاکھ کوشش کریں مگر بلاول میں وزیراعظم بننے کا مطلوبہ سسٹم موجود نہیں، بانی پی ٹی آئی عمران خان، محمد بن قاسم کی طرح سندھ فتح کر کے سندھیوں کو حقیقی آزادی دیں گے۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا شیرازہ جلد ریزہ ریزہ ہو جائے گا، عمران خان کچے کے ڈاکوؤں سمیت پکے ڈاکو کو بھی نکیل ڈالے گا۔