ایک طرف پیشیاں، دوسری طرف ضمانتیں، کیا ہم بھی ملکی راز لیکر گھومیں؟ مصدق ملک

Published On 03 June,2024 09:55 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ ایک طرف ہزاروں پیشیاں، دوسری طرف ضمانتیں، کیا ہم بھی اب ملکی رازوں کو لیکرسڑکوں پر گھومیں؟

وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے دنیا نیوز کے پروگرام’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کو آج اجازت مل گئی اب کوئی ملکی راز نہیں ہوگا، جب مرضی ملکی سیاست کو گرمانے کے لئے کوئی بھی راز کھول دیں۔

مصدق ملک نے کہا کہ جو ہم افشاں کریں اس پرغداری جو بانی پی ٹی آئی کرے تو کچھ نہیں ہوگا، انصاف کی پٹی نیچے کرکے آنکھیں بھی مار رہے ہیں، یہ توعجیب سی صورتحال ہوگئی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ کہا گیا غیرملکی طاقتوں نے فائدہ نہیں اٹھایا تو کیا ملکی رازوں کو سڑکوں پر لے آئیں؟ نظر آرہا ہے یہ ملک کو ٹکراؤ کی طرف لیکر جا رہے ہیں، نومئی کو جو کچھ ہوا کیا ٹکراؤ نہیں تھا؟

رہنما استحکام پارٹی عون چودھری

رہنما استحکام پارٹی عون چودھری نے کہا کہ عدالت کا ابھی تفصیلی فیصلہ نہیں آیا، جلسے میں سائفر کو لہرا کر کھیلتے رہے، تحریک انصاف والوں نے پہلے الزام لگایا پھر امریکی فرم کو ہائر کیا، ان کو یہی کہوں گا پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست۔

عون چودھری نے مزید کہا کہ ہم ملک میں استحکام چاہتے ہیں، عدالت میں کیس کے حوالے سے جو پوچھا سچ بولا، بانی پی ٹی آئی کی ٹویٹ پہلے شیریں مزاری کرتی تھی، ان کا اکاؤنٹ ہینڈلر امریکا میں بیٹھا ہے، ملک دشمن ایجنسیاں ان کے عمل سے اس وقت خوش ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو پاکستان توڑنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے، ان لوگوں کو خود نہیں پتہ ان کی پارٹی کن ہاتھوں میں چلی گئی ہے۔