لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ، کیپٹن سمیت 7 جوان شہید

Published On 09 June,2024 07:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے میں کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا گیا، حملے میں قصور کے کیپٹن محمد فراز الیاس، صوبیدار میجر محمد نذیر نے جام شہادت نوش کیا، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید بتایا کہ سپاہی اسد اللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود بھی وطن پر قربان ہوگئے۔

کیپٹن محمد فراز الیاس شہید کا تعلق ضلع قصور سے ہے ،کیپٹن محمد فراز الیاس شہید نے 2020 میں پاکستان آرمی کی ناردرن لائٹ انفنٹری میں کمیشن حاصل کیا ،کیپٹن محمد فراز الیاس شہید نےعنقریب 19 جون 2024 کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونا تھا ،کیپٹن محمد فراز الیاس شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

صوبیدار میجر محمد نذیر شہید کا تعلق ضلع سکردو سے ہے ،صوبیدار میجر محمد نذیر شہید نے 31 سال تک دفاع وطن کا فرائض سرانجام دیئے، صوبیدار میجر محمد نذیر شہید نے سوگواران میں اہلیہ 2 بیٹے اور 5 بیٹیاں چھوڑے ہیں۔

لانس نائیک حسین علی خان شہید کا تعلق ضلع غذر سے ہے،لانس نائیک حسین علی خان شہید نے پاکستان آرمی میں 14 سال تک خدمات سرانجام دیں،لانس نائیک حسین علی شہید نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

لانس نائیک محمد انور شہید کا تعلق ضلع گانچھے سے ہے،لانس نائیک محمد انور شہید نے پاکستان آرمی میں 13 سال تک دفاع وطن کے فرائض سرانجام دیئے،لانس نائیک محمد انور شہید نے سوگواران میں اہلیہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑی ہیں ۔

سپاہی منظور شہید کا تعلق ضلع گلگت سے ہے،سپاہی منظور شہید نے پاکستان آرمی میں 6 سال تک دفاع وطن کیلئے خدمات سرانجام دیں، سپاہی منظور شہید نے سوگواران میں اہلیہ اور3 بیٹیاں چھوڑا ہے۔

سپاہی اسد اللہ شہید کا تعلق ملتان سے ہے،سپاہی اسد اللہ شہید نے پاکستان آرمی میں 14 سال تک ملکی دفاع کے فرائض سرانجام دیے،سپاہی اسد اللہ شہید نے سوگواران میں اہلیہ اور ایک بیٹا چھوڑے ہیں۔

سپاہی راشد محمود شہید کا تعلق راولپنڈی سے ہے،سپاہی راشد محمود شہید نے پاکستان آرمی میں 13 سال تک دفاع وطن میں خدمات سرانجام دیں،سپاہی راشد محمود نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشتگردوں کو ختم کرنے کے لئے سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔