اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے بیشتر نکات سے اتفاق کیا جبکہ بعض معاملات کے حل کے لئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں۔
پیپلزپارٹی اور حکومت کی کمیٹیاں کل ملاقات کر کے وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے ملاقات کی روشنی میں معاملات کو آگے بڑھائیں گی۔
ملاقات کے دوران بلاول بھٹو نے وفاقی بجٹ پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہ لینے کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھ دیا، پیپلز پارٹی کو وفاقی بجٹ کے حوالے سے اعتماد میں نہ لینے پر بلاول بھٹو نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: گرڈ سٹیشن کے بٹن آن کرنا کلچر بن گیا، چار بٹن اوپر نیچے کرنے سے کچھ نہ ہوگا: عطا تارڑ
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم سے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایک معاہدے کے تحت حکومت کی حمایت کی اور حکومت نے اس معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت پنجاب میں پاکستان پیپلزپارٹی کے راستوں کو مسدود کر رہی ہے۔
وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والے وفد میں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف ، سید خورشید شاہ، سید نوید قمر اور شیری رحمان شامل تھے۔
ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب بھی شریک تھے۔
یہ بھی پڑھیں: این ڈی ایم اے کا موسمیاتی تبدیلی سے متعلق نظام قابل تعریف ہے: وزیراعظم
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری نے قومی سیاسی امور پر بھی گفتگو کی، بجٹ 25-2024 کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مزید مشاورت کی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے مثبت اعشاریئے آ رہے ہیں، سٹاک مارکیٹ میں تاریخی تیزی کاروباری طبقے کی طرف سے بجٹ کی توثیق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز نے ثابت کر دیا اپنے حکم پر عملدرآمد کیسے کراتے ہیں: عظمیٰ بخاری
وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہے، نئے مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کمیٹیوں کے ذریعے مزید مشاورت جاری رہے گی، ملاقات مثبت ماحول میں ہوئی، بعد ازاں وزیراعظم کی طرف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔