اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ گرڈ سٹیشن پر جاکر بٹن آن کرنا کلچر بن گیا ہے، چار بٹن اوپر نیچے کرنے اور فوٹیج بنوانے سے کچھ نہیں ہو گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین کا اعلیٰ سطح کا وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے، 22 جون تک یہ دورہ جاری رہے گا، سی پیک سے متعلق مشترکہ میٹنگ ہوگی، سی پیک کو آگے بڑھانے سے متعلق بات ہوگی، چینی وفد عسکری قیادت سے بھی ملاقات کرے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ چین کی طرف سے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی گئی ہے، چین کے وفد کا پاکستان آنا خوش آئند ہے، وزیراعظم نے چینی شہریوں کی سکیورٹی پر توجہ دی ہے، پاک چین دوستی سیاست سے بالاتر ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ عید پر صفائی ستھرائی کے اچھے انتظامات کئے گئے، عید پر لوگ پارکوں کا رخ کرتے اور کچھ لوگ گرڈ سٹیشن کا دورہ کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ کی سیاسی مجبوریوں کا ہمیں ادراک ہے، میٹنگز میں الگ رویہ اور کیمرے کے سامنے الگ رویہ ہوتا ہے، جو زبان استعمال کی جارہی ہے اس سے گریز کیا جائے، مل کر معاملات کو چلایا جائے، چاروں صوبے ایک جیسے ہیں، معاملات کو حل کرنے کیلئے ایک کمیٹی بنائی گئی ہے۔