لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ثابت کر دیا کہ اپنے حکم پر عملدرآمد کیسے کراتے ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کے ہمراہ ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا وزیربلدیات نے عیدالاضحیٰ پر صفائی کے بہترین انتظامات کرائے، وزیراعلیٰ پنجاب صرف اعلانات نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہیں، پنجاب حکومت نے مسافر گاڑیوں کے زائد کرائے وصول کرنے کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب حکومت نے 3 دن میں مسافروں کو 14 لاکھ 67 ہزار روپے واپس کرائے، ایک ہزار 448 گاڑیوں کے چالان کئے گئے، حکومتی احکامات نہ ماننے پر 9 افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔
وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ جب بجلی استعمال کرنی ہے تو پیسے دینے پڑیں گے، یہ لوگ 2014 کا دھرنا پارٹ 2 دوبارہ چاہتے ہیں، 2014 کے دھرنے میں کہا گیا بل جلا دو، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے، اس لیے دھمکیاں دیتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سیاسی کچرا اٹھانا ہماری ذمہ داری نہیں ہے،تمام اداروں کو چاہیے یہ کچرا اٹھا کر اپنے سر پر نہ ڈالیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی حکومت میں کوئی چیز کچھ دنوں کیلئے نہیں۔
وزیربلدیات پنجاب ذیشان رفیق کا کہنا تھا عید کے دنوں میں صفائی کے بہترین اقدامات کئے گئے، ورکرز نے گرمی میں دن رات کام کیا، سینٹری ورکرز کی محنت کی وجہ سے ہم سرخرو ہوئے، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر دن رات کام کر کے صفائی کے نظام کو فعال رکھا۔
وزیر بلدیات پنجاب نے کہا پہلی بار پنجاب میں غیرقانونی بکرا منڈیاں نہیں لگ سکیں، بکرا منڈیوں میں صفائی سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں، صوبے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر فری بکرا منڈیاں لگائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صفائی کیلئے 55 ہزار سینٹری ورکرز نے شدید گرمی میں تینوں دن کام کیا، ایک لاکھ 88 ہزار ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، پنجاب میں 18 لاکھ مویشی فروخت ہوئے۔
ذیشان رفیق کا مزید کہنا تھا عید کے دنوں میں 38 ہزار شکایات کا ازالہ کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیاددت میں ناممکن کو ممکن کرکے دکھایا۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ سڑکوں کو کلورین اور عرق گلاب سے دھویا گیا، ہم سب قائد محمد نواز شریف کے ورکرز ہیں، قائد نواز شریف کے ترقی وخوشحالی کےاقدامات کے ثمرات عوام کو مل رہے ہیں۔