لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں جاری شدید گرمی سے بچنے کیلئے بچے ، جوان دریاوں ، نہروں اور ندی نالوں کا رخ کرنے لگے، مختلف واقعات میں 2 بچوں سمیت 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
خانپور ہزارہ کے بالائی پہاڑی علاقے جب میں گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے آبشار میں نہاتے ہوئے دو نوجوان ڈوب کرجاں بحق ہوگئے، ریسکیو ٹیموں نے نوجوانوں کی لاشوں کو پانی سے نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔
اسی طرح ٹنڈوالہ یار میں نصیرکینال میں نہاتے ہوئے ایک بچہ ڈوب گیا ، مقامی غوطہ خوروں نے بچے کی لاش نہر سے باہر نکالی ، جاں بحق ہونیوالے بچے کی شناخت 15 سالا حارث ولد رشید کے نام سے ہوئی ۔
دوسری جانب چشتیاں کے نواحی گاؤں 109 فتح میں 7 سالہ بچہ نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب گیا، 7 سالہ ذیشان اپنے دوستوں کے ساتھ نہانے گیا تھا ، پانی کا بہاؤ تیز ہونے کے باعث بچہ لاپتہ ہوگیا، بچے کی تلاش کیلئے ریسکیو ٹیم کا آپریشن جاری ہے جبکہ ابھی تک بچے کی لاش نہیں ملی۔