اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کی مجلس شوریٰ کا اجلاس طلب کر لیا گیا۔
دو روزہ مجلس شوریٰ اجلاس 29 اور 30 جون کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا جس کی صدارت مولانا فضل الرحمان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت مخالف تحریک سے متعلق اہم فیصلے ہونگے، جے یو آئی کے اب تک ہونے والے چار جلسوں اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق غور ہوگا، اپوزیشن اتحاد میں شمولیت اور پی ٹی آئی سے رابطوں پر بھی غور کیا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان شوریٰ ارکان کو اہم امور پر اعتماد میں لیں گے اور حکومت کے رابطوں سے متعلق شوریٰ ارکان کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی سے متعلق بھی جے یو آئی اجلاس میں غور ہوگا، عوامی اسمبلی کے عنوان سے آئندہ کے جلسوں پر مشاورت اور حکمت عملی طے ہوگی۔