نیویارک: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی اقوام عالم کیلئے مثال ہے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پیپلز ری پبلک آف چائنہ کے ہم منصب کیو آئی یانجن( QI Yanjun) سے اہم ملاقات کی، ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کے پیپلز ری پبلک آف چائنہ کے مشن آفس میں ہوئی۔
ملاقات کے دوران پاک چین تعلقات اور سکیورٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور چین کے تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئی، ٹریننگ اور جدید آلات و ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے بھی گفتگو کی گئی۔
چین پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹریننگ و استعدادکار بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون کرے گا۔
پیپلز ری پبلک آف چائنہ کے ہم منصب کیوائی یانجن نے اسلام آباد میں غیر ملکیوں خصوصاً چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے ایس پی یو کے قیام کے اقدام کو سراہا اور ایس پی یو کی ٹریننگ اور دیگر امور میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
کیو آئی یانجن نے کہا کہ پاکستان چین ہر موسم کے دوست ہیں، دونوں کی دوستی فولاد سے زیادہ مضبوط ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے داسو میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا، پیپلز ری پبلک آف چائنہ کے ہم منصب کیوآئی یانجن نے کیس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اداروں نے محنت اور پروفیشنل انداز میں اس کیس کو ٹریس کیا۔
پیپلز ری پبلک آف چائنہ کے ہم منصب نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ستمبر میں چائنہ میں ہونے والی گلوبل سکیورٹی فورم میں شرکت کی دعوت دی جسے محسن نقوی نے قبول کرتے ہوئے کیوآئی یانجن کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پیپلز ری پبلک آف چائنہ کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی۔
محسن نقوی نے کہا کہ پیپلز ری پبلک آف چائنہ کی وزارت داخلہ کا ایڈوائزی گروپ جلد پاکستان کا دورہ کرے گا، چین سے دوستی پر ہم سب کو فخر ہے، پاک چین دوستی اقوام عالم کیلئے مثال ہے، چینی شہریوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور پیپلز ری پبلک آف چائنہ کے ہم منصب کیوآئی یانجن چوتھی یو این کوپ کانفرنس میں شرکت کے لئے نیویارک میں موجود ہیں۔