اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بجٹ پر شدید تحفظات کا اظہار کر دیا۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ اور معیشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ملکی معیشت رہے گی یا یہ بجٹ رہے گا، سمگل ڈیزل اور ایل پی جی کا ٹیکس اکٹھا کرلیں تو کسی اور کی ضرورت نہیں، حکومت عوام پر ٹیکس لگانے سے پہلے اپنے اخراجات کم کرے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجٹ میں سب سے زیادہ مار تنخواہ دار طبقے کو پڑ رہی ہے، کیا حکومت اتنی کمزور ہے سگریٹ بنانے والوں پر بھی ٹیکس نہیں لگا سکتی، ملکی معیشت کا سب سے بڑا ایکسپورٹ ہے، بجٹ پر نظرثانی کی جائے، اتحادی صرف اعتراض نہ کریں، حکومت کو ایسے اقدامات سے روکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے جاری اخراجات بڑھانے کا نہیں کہا تھا، آئی ایم ایف نے زرعی ٹیکس لگانے کا کہا تھا، حکومت نے ٹیکس نہیں لگایا، مڈل کلاس کا استحصال ہو رہا ہے۔