لاہور: (دنیا نیوز) سابق گورنر پنجاب اور پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود سے برطانوی وفد نے مخدوم ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔
سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود سے برطانوی قونصل جنرل زو وینر، پولیٹیکل کونسلر جیک وائٹرز، طلال رضا نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں ایم این اے مخدوم مصطفیٰ محمود اور پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے چیف کوآرڈینیٹر عبدالقادر شاہین نے بھی شرکت کی، ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر خصوصی توجہ کے ساتھ مختلف امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
مخدوم سید احمد محمود نے برطانوی وفد کو موجودہ سیاسی صورتحال، معاشی چیلنجز اور علاقائی استحکام پر پیپلزپارٹی کے مؤقف سے آگاہ کیا، اس ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا اور سیاسی و اقتصادی معاملات میں بہتری کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دینا تھا۔
برطانوی وفد نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور جمہوریت کی مضبوطی کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے مستقبل میں بہتر تعلقات اور مشترکہ منصوبوں پر تعاون کی امید کا اظہار کیا۔
بات چیت میں علاقائی سلامتی، استحکام اور دیگر اہم بین الاقوامی مسائل کا بھی احاطہ کیا گیا۔