اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب کے بیشتر ڈیژن میں طوفان کے ساتھ شدید بارشوں کے امکانات ہیں، بالائی اور وسطی پنجاب 2 سے 7 جولائی مون سون طوفانوں کی زد میں رہیں گے۔
پی ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی، جھکڑ چلنے کے امکانات ہیں، تیز بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریسکیو ادارے جولائی کے پہلے ہفتے میں مستعد رہیں، احتیاطی تدابیر اور بارشوں کے دوران فرائض میں غفلت کی کوئی گنجائش نہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، عوام الناس سرکاری ہدایات پر عمل کر کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں۔