حیدر آباد اور اوباڑو میں ٹریفک حادثات، 6 افراد جاں بحق، 12 سے زائد شدید زخمی

Published On 15 July,2024 07:24 am

حیدر آباد: (دنیا نیوز) حیدر آباد اور اوباڑو میں ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 12 سے زائد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حیدر آباد کے علاقے ایم نائن موٹروے کے قریب منی ٹرک اور ٹرالر میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجے میں 6 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 3 شدید زخمی ہوئے ہیں، منی ٹرک کراچی سے فروٹ لیکر حیدر آباد جا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کار کھائی میں گرنے سے 3 ، ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 افراد جاں بحق

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے، لاشوں اور زخمیوں کو جامشورو کے سول ہسپتال منتقل کر دیا جہاں پر زخمی ہونے والوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، پولیس کی جانب سے حادثے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب اوباڑو میں موٹروے ایم فائیو پر کار اور ٹرالر آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں 7 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے، زخمی ہونے والوں کا تعلق پنجاب سے بتایا جا رہا ہے، حادثے کے بعد ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔