اسلام آباد: (دنیانیوز/ویب ڈیسک ) بنگلہ دیش میں جاری مظاہروں کے پیش نظر ڈھاکہ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بنگلہ دیش میں پاکستانی طلبا کو مشورہ دیا ہے کہ اپنے حفاظت یقینی بناتے ہوئے وہ کیمپس میں اپنے کمروں سے باہر نہ نکلیں۔
دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی ہائی کمیشن نے طلباءکو اپنی حفاظت کے لیے ہر ممکن احتیاط برتنےاور احتجاج سے دور رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کیمپس میں رہنے والوں کو اپنے ہاسٹل کے کمروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستانی سفیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، مقیم پاکستانیوں بالخصوص ڈھاکہ کے کیمپس میں مقیم طلبا کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنے کی ہدایت کی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش میں پاکستانیوں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر سفیر سید معروف سے بات کی، سفیر سید معروف نے نائب وزیراعظم کو سکیورٹی کی صورتحال اور بنگلہ دیش میں پاکستانیوں کی خیریت کو یقینی بنانے کے لیے ہائی کمیشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
سفیر سید معروف نے بتایا کہ سفارت خانے نے مصیبت میں مبتلا افراد کی سہولت کے لیے ایک ہیلپ لائن کھولی ہے۔
نائب وزیراعظم نے پاکستان کے ہائی کمشنر کو بنگلہ دیش میں مقیم پاکستانیوں بالخصوص ڈھاکہ کے کیمپس میں مقیم طلبا کی فلاح و بہبود کا خیال رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سفیر سید معروف کو مشورہ دیا کہ وہ پاکستانی طلبا کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں۔