لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے اہم قرارداد جمع کرا دی گئی۔
ایم پی اے باسمہ چودھری کی جانب سے امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے اہم قرارداد جمع کرائی گئی، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ عافیہ صدیقی ایک پاکستانی شہری ہے، اس کی جان اور عزت کی حفاظت فیڈریشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے اور ہر پاکستانی شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ خواہ وہ کہیں بھی ہو۔
قرارداد کا متن میں مزید کہا گیا کہ عافیہ صدیقی کے وکیل نے انکشاف کیا ہے کہ عافیہ صدیقی پر صرف جسمانی تشدد ہی نہیں جنسی تشدد بھی کیا جارہا ہے، کیا ریاست پاکستان اپنی بیٹی کی یہ بے حرمتی برداشت کرسکتی ہے؟ عافیہ صدیقی پر ذہنی دباؤ ڈالا جارہا اور اپنے مذہب سے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اسے امام سے ملنے نہیں دیا جارہا ہے، عافیہ صدیقی کو قانونی دفاع کے حق سے محروم کرنے کیلئے دستاویزات پر دستخط بھی نہیں کرنے دیئے جارہے ہیں، پاکستان کی بیٹی پر یہ ظلم اور بربریت ہمیں ہرگز منظور نہیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانے کی بھرپور اور مخلصانہ کوشش کی جائے، یہ کوششیں صرف زبانی نہیں عملی طور پر کی جائیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈرز پر بلاتاخیر عمل کیا جائے۔
ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کے قانون کے مطابق اس کی گرتی ہوئی جسمانی و ذہنی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رہا کیا جائے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی بیس سال سے ناحق قید ہیں، وہ شدید بیمار ہیں اور کسی کیلئے کوئی خطرہ نہیں ہیں، صدارتی معافی اور ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کیلئے وزیراعظم پاکستان خود امریکہ سے تحریری طور پر مطالبہ کریں۔
قرارداد میں مزید استدعا کی گئی کہ حکومت پاکستان فوری طور پر میڈیکل ٹیم کے معائنہ اور اپنی مرضی کے امام سے ملاقات کیلئے امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے مطالبہ کرے۔