لاہور:(دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اپوزیشن ارکان اسمبلی کے 11معطل اراکان کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کا پارلیمانی اخلاقیات کو بہتر بنانے کی جانب اہم اقدم، اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے درمیان باہمی احترام اور مؤثر گورننس کو فروغ دینے کے لیے کمیٹی برائے اخلاقیات کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان نے کی۔
اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے 11 معزز ارکان نے شرکت کی، کمیٹی کی جانب سے متفقہ طور پر مذکورہ اپوزیشن ارکان کو بحال کرنے کی سفارش کی گئی، جس پر اسمبلی سیکرٹریٹ نے کمیٹی کی سفارش پر اپوزیشن کے تمام معطل ارکان کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
اخلاقیات کی کمیٹی کو ایوان کی مستقل کمیٹی کے طور پر قواعد و ضوابط کا حصہ بنایا جائے گا، یہ کمیٹی ارکان کے طرزِ عمل کی غیرجانبدار اور شفاف بنیاد پر نگرانی کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، کمیٹی نے ایوان کی کارروائی میں کسی بھی رکن کی تضحیک اور بدنامی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے پارلیمانی حقوق اور روایات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا، اسمبلی کی کارروائی کے دوران کسی رکن کو فحش، نازیبا الفاظ کے استعمال اور گالم گلوچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
کمیٹی کی جانب سے خواتین ارکان اسمبلی کے بارے میں ہتک آمیز الفاظ پر پابندی لگانے اور ان کے احترام کو یقینی بنانے پر متفقہ طور پر اتفاق کیا گیا ہے، کمیٹی نے ماضی میں ہوئے ایسے واقعات کی شدید مذمت کی اور سپیکر کے احترام اور وقار کے تحفظ کی یقین دھانی کروائی ہے۔