لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا ہے حکومتی لوگوں کی بیالیس کمپنیاں آئی پی پیز میں ہیں، ان سمیت سب کا آڈٹ ضرور ہونا چاہئے۔
گورنر ہاؤس میں صحافیوں سے غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا پی ڈی ایم کی حکومت کا اٹھارہ ماہ کا دور پیپلزپارٹی کے لئے بہت بھیانک دور تھا، حکومت کا اتحادی ہونا ملک کے لئے ہماری مجبوری ہے، موجودہ حکومت میں پیپلزپارٹی کو چائے کی پیالی اور ایک بسکٹ کے سوا کچھ نہیں ملا، پیپلزپارٹی پاکستان کی خاطر اپنا سیاسی نقصان اٹھا رہی ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا قوم مہنگائی کے بوجھ سے پس رہی ہے جبکہ آئی پی پیز قوم پر ظلم ہے، حکومت کے ساتھ دو بار تحریری معاہدہ ہو چکا ہے لیکن ن لیگ اس پر عملدرآمد کرنے سے قاصر نظر آ رہی ہے، بنگلا دیش اور افغانستان میں بجلی قدرے سستی ہے، سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس مسئلے کو اٹھایا۔
سردار سلیم حیدر خان کا مزید کہنا تھا ہم وزارتیں لینے کے حق میں نہیں حالانکہ ن لیگ دینا چاہتی ہے، جنوبی پنجاب صوبہ پر پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے، ہمارے جنوبی پنجاب سے اراکین پنجاب اسمبلی چھٹیوں پر ہیں، اسمبلی اجلاس ہوتا ہے تو جنوبی پنجاب صوبہ پر ضرور بات کریں گے۔