لاہور: (دنیا نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی لاہور احمد سلمان بلوچ پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مقدمہ تھانہ مسلم ٹاؤن میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق حکومت کی جانب سے شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا تھا، احمد سلمان بلوچ نے 15 سے 20 افراد کے ساتھ ملکر حکومت کیخلاف نعرے بازی کی اور اپنی تقریر سے شہریوں میں اشتعال پیدا کیا۔
احمد سلمان بلوچ کے خلاف ایف آئی آر 16 ایم پی او کے تحت درج کی گئی ہے جس میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا اور اشتعال انگیزی کی دفعات 147 ، 149اور 188 شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق گرفتاری کی کوشش پر احمد سلمان بلوچ بس میں بیٹھ کر فرار ہوگئے تھے۔
اس حوالے سے احمد سلمان بلوچ کا کہنا ہے حکومت ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف ایف آئی آر درج کرتی ہے، کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے، بجلی کے بلوں میں اضافہ پر دباؤ اس جعلی حکومت پر بڑھائیں گے۔