پشاور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کی جانب سے بی آر ٹی نجی کمپنی کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کے معاملہ پر پشاور ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔
فیصلہ پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے جاری کیا، پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس سید ارشد علی نے 24 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا ہے۔
تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ بی آر ٹی نجی کمپنی اکاؤنٹس منجمد کرنے کے خلاف درخواست منظور کی جاتی ہے، نیب کی جانب سے بی آر ٹی نجی کمپنی کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق اکاؤنٹس منجمد ہونے سے نجی کمپنی کے دیگر پبلک پراجیکٹ متاثر ہو رہے ہیں۔
پشاور ہائیکورٹ نے بی آر ٹی آپریٹ کرنے والی کمپنی کے اکاؤنٹس غیر منجمد کرنے کی ہدایت کر دی۔