پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ گورنر کے پی اس وقت صوبے کے ایک غدار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور گورنر کے اعصاب پر سوار ہیں، علی امین گنڈاپور کے بغض اور حسد نے گورنر کو نفسیاتی مریض بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا اس وقت صوبے کے ایک غدار کا کردار ادا کر رہے ہیں، مسائل علی امین گنڈاپور حل کر رہے ہیں تو پھر گورنر کس مرض کی دوا ہے، گورنر بننے سے اب تک فیصل کریم کنڈی اپنی کارکردگی دکھائیں، دہشت گردی، بجلی بحران، بنوں، کرم سانحات پر منفی بیان بازی کے علاوہ گورنر نے اور کیا کیا؟
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ گورنر کی سوچ کا معیار ابھی تک زرداری کے پریس سیکرٹری سے آگے نہیں بڑھا، فیصل کریم کنڈی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پر تنقید کی لاکھوں روپے تنخواہ اور مراعات لے رہے ہیں۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ نے بنوں اور پاراچنار واقعے کو انتہائی خوش اسلوبی سے حل کرایا، گورنر اور ان کے سرپرستوں نے بنوں واقعے کو ہوا دینے کی کوشش کی۔