راولپنڈی: (دنیا نیوز) مہنگائی اور مہنگےبجلی بلوں کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا 11 ویں روز میں داخل ہوگیا، کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف نعرے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔
راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جماعت اسلامی کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کے 11ویں روز کارکنان نے معمول کے مطابق نماز فجر کی ادائیگی پنڈال میں کی جس کے بعد شرکاء کی تواضع نان اور حلوے سے کی گئی۔
کارکنان کی جانب سے حکومت کے خلاف نعرے کا بھی سلسلہ جاری ہے، جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری جانب کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے بھی شرکت کی۔
شرکا سے اپنے خطاب میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جاگیرداروں سے انکم ٹیکس کیوں وصول نہیں کیا جاتا؟ آج اعلان کریں اور کل سے ٹیکس وصول کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب آپ بجلی کے بل کم کردیجیے، اسی میں آپ کی نجات ہے، ورنہ دھرنا تحریک کہیں آپ کو ہی نہ لے کر ڈوب جائے۔