لندن (دنیا نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری نے لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل سے ملاقات کی۔
آئی پی پی رہنما عون چودھری سمیت ملاقات میں پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین چوہدری زاہد بھی شریک ہوئے، اس موقع پر پاکستان کے حوالے سے سفارتی محاذ پر مثبت امور سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ممبر قومی اسمبلی عون چودھری نے کہا کہ سفارتکار پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے اہم ترین مواقع ہیں، سفارتکار پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کریں۔
استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما عون چودھری کا کہنا تھا کہ پاکستان درست سمت آگے کی طرف بڑھ رہا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا سرمایہ ہے جنہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ملاقات کے دوران ممبر قومی اسمبلی عون چودھری کی جانب سے برطانیہ میں مقیم اووسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔