اسلام آباد :(دنیا نیوز ) رہنما مسلم لیگ ن دانیال چودھری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔
اسلام آباد پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن دانیال چودھری کا کہنا تھا کہ شکیل خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ہر کوئی کرپشن میں ملوث ہے، خیبر پختونخوا اسمبلی سے کرپشن کی وجہ سے شکیل خان نے استعفیٰ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے صوبے میں جو کام کیے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، خیبر پختونخوا میں احتساب کا ادارہ بند کیا گیا ہے، اب خیبر پختونخوا میں ان کی وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔
رہنما مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ شہدا نے اپنا آج پاکستان کے مستقبل کیلئے قربان کیا، شہدا کی فیملیز پوچھ رہی ہیں کہ نو مئی کے واقعہ پر آپ نے کیا ایکشن لیا،آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ سب سے پہلے فوج نے احتساب کا عمل اپنے اندر سے شروع کیا، فوج میں خود احتسابی کا عمل خوش آئند ہے۔