کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے رحیم یارخان میں پولیس پر ڈاکوؤں کی حملے کی شدید مذمت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا، آئی جی سندھ کو پنجاب پولیس سے رابطے کی ہدایت کی اور کہا کہ پنجاب پولیس کو جو بھی مدد درکار ہے وہ فوری کی جائے، ڈاکوؤں کے خلاف سندھ، پنجاب اور بلوچستان پولیس مشترکہ آپریشن کی منصوبہ بندی کرے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پنجاب کی پولیس سندھ پولیس کی طرح بہادر ہے، دونوں نے دہشتگردی کے خلاف ہمیشہ ڈٹ کرمقابلہ کیا ہے، سندھ حکومت شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ ہے، وزیراعلیٰ نے زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کی ضرورت ہو تو سندھ حکومت ہر طرح کے تعاون کیلئے حاضر ہے۔