پیپلزپارٹی نے سندھ میں کرپشن کو صنعت کا درجہ دے رکھا ہے: علی خورشیدی

Published On 24 August,2024 06:00 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و رہنما متحدہ قومی موومنٹ علی خورشیدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ میں کرپشن کو صنعت کا درجہ دے رکھا ہے۔

پی پی رہنما ناصر حسین شاہ کے بیان پر ردِ عمل دیتے ہوئے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کی داستانِ کرپشن سندھ کا بچہ بچہ جانتا ہے، دنیا میں ڈویلپمنٹ ہوتی ہے تو کرپشن ہوتی ہے لیکن سندھ میں کرپشن کرنی ہو تو ڈویلپمنٹ ہوتی ہے۔

علی خورشیدی نے کہا کہ ہر سال قومی و بین الاقوامی اداروں کی جانب سے کرپشن پر جاری رپورٹس میں علی بابا چالیس چوروں کی ساری کہانیاں لکھی ہوتی ہیں، ناصر حسین شاہ بتائیں سندھ حکومت نے پچھلے 15 سالوں میں کراچی کے کتنے نوجوانوں کو نوکریاں دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پاکستان کے بجٹ میں 70 فیصد حصہ ڈالنے والے کراچی پر سالانہ کتنا پیسہ خرچ کرتی ہے؟ کراچی کے ہسپتال، سڑکیں، پارکس اورسکول ورلڈ بینک کے قرض سے بنتے ہیں جسے کراچی کے شہریوں نے ادا کرنا ہے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کی کرپشن کی گواہی سندھ کا تباہ حال انفراسٹرکچر، صحت اور تعلیم کا نظام ہے، پیپلزپارٹی کی متعصب سندھ حکومت کراچی سمیت دیگر شہروں کو پانی، سیوریج، تعلیم، نوکریاں نہیں دیتی، پیپلزپارٹی کے وزیروں اور وڈیروں کو ایم کیو ایم کے خلاف سوچ سمجھ کر بیان دینا چاہیے۔