ایم کیوایم پاکستان نے بلاول بھٹو کی تقریر کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

ایم کیوایم پاکستان نے بلاول بھٹو کی تقریر کو مضحکہ خیز قرار دے دیا

شہرِ قائد سے جاری ہونے والے بیان میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سندھ سرکارکی نااہلیوں، بدعنوانیوں کو بلاول بھٹو سیکڑوں پریزینٹیشن سے بھی دھو نہیں سکتے، اُن کی تقریر سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئٹر جیسی جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں، تقریر کا سکرپٹ سندھ حکومت کی ارادی نااہلی چھپانےمیں ناکام رہا۔

اُنہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر سے گٹر کا پانی بھی جھیل نظرآتا ہے، زمینی حقائق مختلف ہیں، سندھ میں بنیادی انسانی ضروریات کا فقدان پسماندہ طرزِحکمرانی کا ثبوت ہے، سندھ کی کرپٹ سرکار نے کراچی کو دنیا کے بدترین شہروں کی صف میں لاکھڑا کیا ہے۔

ایم کیوایم پاکستان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے اپنی تقریر میں کہا کہ شہروں اوردیہات میں بنیادی ڈھانچے، صاف پانی، تعلیم اور صحت کی صورتحال ابتر ہے، سترہ برس نہیں، پانچ دہائیوں کی حکمرانی کا سچ عوام کے سامنے لایا جائے، پیپلز پارٹی کی سیاست گمراہ کن تفریق اور عوامی حقوق سلب کرنے پر مبنی ہے۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ لسانیت اور موروثی سیاست کے بانی کس منہ سے جمہوریت کی بات کر رہے ہیں؟ ترقیاتی دعوؤں کے بجائے حقیقی عوامی فلاح پر توجہ دی جائے۔