اسلام آباد: (دنیا نیوز) پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد، چیف جسٹس نے ججز کمیٹی میں تبدیلی کر دی، جسٹس منیب اختر تین رکنی ججز کمیٹی سے باہر ہو گئے اور جسٹس امین الدین کمیٹی کا حصہ بن گئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کے بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی آرڈیننس پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، جسٹس امین الدین خان سینیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہیں، تین رکنی ججز کمیٹی بینچز کی تشکیل اور انسانی حقوق کے مقدمات کا جائزہ لیتی ہے۔
تین رکنی ججز کمیٹی میں چیف جسٹس کے علاوہ سینئرترین جج جسٹس منصور علی شاہ بھی شامل ہیں، ذرائع کے مطابق تین رکنی ججز کمیٹی کا اجلاس پیر کو بلائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد صدر مملکت آصف زرداری نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس پر دستخط کیے تھے جس کے بعد وہ نافذ ہوگیا تھا۔
پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے سیکشن 2 کی ذیلی شق ایک کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کمیٹی مقدمات مقرر کرے گی، کمیٹی چیف جسٹس، سینیئر ترین جج اور چیف جسٹس کے نامزد جج پر مشتمل ہو گی۔