لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے کارکن پھر آپے سے باہر ہوگئے، لاہور گلبرگ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔
تحریک انصاف کے مشتعل کارکنوں نے پولیس وین کو بھی نقصان پہنچایا، پولیس نے پی ٹی آئی کے 20 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لے لیا، گرفتار کئے گئے کارکنوں کو قیدی وین میں ڈال کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف ہونے والے پولیس کریک ڈاؤن کے بعد مشتعل افراد نے منی مارکیٹ سڑک کو بند کر کے ٹائر نذر آتش کئے جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ مشتعل افراد نے پولیس موبائل پر بھی پتھراؤ کیا جس کے نتیجے میں شیشے ٹوٹ گئے۔
دوسری جانب پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گلبرگ اوریگا سینٹر کے قریب ایک پولیس معمول کی چیکنگ کے لئے موجود تھی کہ اس دوران چند مشتعل افراد نے کار سرکار میں مداخلت کی اور مزاحمت بھی کی۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔