لاہور: (دنیا نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں الخدمت اکیڈمک سکالر شپ پروگرام کے سالانہ کنونشن کا انعقاد ہوا۔
سالانہ کنونشن میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل و چیئرمین الخدمت ایجوکیشن پروگرام سید وقاص جعفری، نیشنل ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈاکٹر احمد جبران، ہیڈ فزیو ڈیپارٹمنٹ سی ایم ایچ لاہور ڈاکٹر قدسیہ شمیم، مختلف یونیورسٹیز کے ایچ او ڈیز، الخدمت اکیڈمک سکالرز، پروفیسرز اور طلبا و طالبات سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
الخدمت اکیڈمک سکالر شپ پروگرام کے منیجر علی ارسالان نے پروگرام کی نظامت کے فرائض سر انجام دیئے، تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا اور نئے سکالر شپ ہولڈرز کو سکالر شپ سرٹیفکیٹ فراہم کئے گئے۔
کنونشن میں شریک طلبا و طالبات سے اعلیٰ تعلیم کے حصول اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے حلف بھی لیا گیا۔
اِس موقع پر سید وقاص جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان میں دو کروڑ 62 لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ہیں، خصوصاً ہائر ایجوکیشن میں طلبہ کو وسائل نہ ہونے کے باعث تعلیم ادھوری چھوڑنا پڑتی ہے، ایسے میں الخدمت اکیڈمک سکالر شپ جیسے پروگرام طلبہ کے لئے امید کی کرن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت الخدمت اکیڈمک سکالر شپ کے تحت وطن عزیز کے چاروں صوبوں بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے 1174 ہونہار اور مستحق طلبا و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے بلاتفریق رنگ و نسل، مذہب و ذات اور سیاسی وابستگی تعلیمی وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ اب تک جن سکالرز نے الخدمت اکیڈمک سکالر شپ کی مدد سے اپنی تعلیم مکمل کی ان میں 651 ڈاکٹرز، 715 انجینئرز، 1194 بی ایس آنرز / ماسٹرز، 260 ایسوسی ایٹ انجینئرنگ، 530 گریجویشن اور 2061 انٹرمیڈیٹ کے طلبہ و طالبات شامل ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 5411 ذہین اور ہونہار طلبہ و طالبات کو تعلیم مکمل کرنے کے لیے 53 کروڑ 61 لاکھ روپے کے وظائف فراہم کئے گئے۔
ڈاکٹرمشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ اربوں روپے مالیت کے پراجیکٹس کی تکمیل میں دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ الخدمت رضاکاروں کا اہم کردار ہے، ہم 27 ہزار آن لائن رضاکار رجسٹرڈ کر چکے 10 لاکھ رضاکار بنانا ہمارا ٹارگٹ ہے۔
نائب صدراحسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت اکیڈمک سکالرز کو مستقبل میں اپنے کیریئر کے انتخاب کے حوالے سے رہنمائی کے لئے مانیٹرنگ، کوچنگ اور کیریئر کونسلنگ سیمینار کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔
ڈیپارٹمنٹ ہیڈ سی ایم ایچ لاہور ڈاکٹر قدسیہ شمیم نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن میرے لیے ماں اور باپ کی طرح سایہ بنی، میری ہر کامیابی کا کریڈٹ الخدمت کو جاتا ہے، 31 گولڈ میڈلز اور کامیابیاں الخدمت کی وجہ سے ہیں۔