لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف، بازوؤں اور ٹانگوں سے محروم آرٹسٹ کی آواز بن گئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سپیشل سکیچ آرٹسٹ محمد عظیم کو تقرری کا لیٹر دے دیا، محمد عظیم الحمرا اکیڈمی آف پرفارمنگ اینڈ ویژول آرٹ میں بطور ٹیچر فرائض سرانجام دیں گے، مریم نواز نے ہمت کارڈ کی تقریب میں سپیشل پرسن محمد عظیم کو ملازمت دلانے کا وعدہ کیا تھا۔
بازوؤں اور ٹانگوں سے محروم محمد عظیم پنسل سے سکیچ بنانے کے ماہر ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محمد عظیم کو الیکٹرک وہیل چیئر کی فراہمی اورمحمد عظیم کے گھر کی سڑک بھی بنوانے کا حکم دیا ہے۔
اس موقع پر سپیشل سکیچ آرٹسٹ محمد عظیم نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سپیشل ہونے کے باوجود محمد عظیم کی ہمت اور حوصلہ قابل ستائش ہے، محمد عظیم نے معذوری کو آڑے نہیں آنے دیا بلکہ اپنے ہنر سے لوگوں کو حیران کر دیا۔
اس موقع پر سپیشل سکیچ آرٹسٹ محمد عظیم نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے جس محبت اور شفقت کا اظہار کیا، ہمیشہ یاد رکھوں گا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وعدہ کیا اور نبھایا، دل سے ان کا مشکور ہوں۔
سپیشل پرسن محمد عظیم کے والد سلیم اختر نے بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور صوبائی وزیراطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری کا شکریہ ادا کیا، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔