صدر مملکت کا چینی صدر کی جانب سے خیر سگالی کے پیغام پر اظہار تشکر

Published On 12 November,2024 03:27 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری نے 31 اکتوبر کو زخمی ہونے کے بعد عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے خیر سگالی کے پیغام پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے 3 نومبر کو ایک خط میں صدر مملکت آصف علی زرداری کو چوٹ لگنے پر تشویش اور صدر مملکت کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

چینی صدر نے خط میں پاک چین دوستی کی گہرائی کا اعادہ کرتے ہوئے صدر مملکت کو باہمی طور پر مناسب وقت پر چین کا دورہ کرنے کی گرمجوشی سے دعوت بھی دی تھی، صدر مملکت نے چینی صدر کی جانب سے خیر سگالی کے پیغام پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کی قیادت اور عوام کی جانب سے صحتیابی کے پیغامات سے متاثر ہوا ہوں۔

صدر مملکت نے کہا کہ مستقبل قریب میں مناسب تاریخ پر چین کا دورہ کروں گا، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور آہنی بندھن کو مزید تقویت ملے گی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان ”آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ“ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

صدر شی جن پنگ نے نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین پاکستان کمیونٹی کی تعمیر کے عزم پر زور دیا، صدر مملکت نے صدر شی جن پنگ کی بصیرت، قیادت اور پاک چین تعلقات آگے بڑھانے میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔