الخدمت فاؤنڈیشن کی فلسطین اور لبنان کے متاثرین کیلئے 19ویں امدادی کھیپ روانہ

Published On 18 November,2024 09:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے فلسطینی اور لبنا نی متاثرین جنگ کیلئے امدادی سامان کی 19 ویں کھیپ دمشق روانہ کر دی گئی۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن، نائب صدور ایئر مارشل (ر) ارشد ملک اور اعجازاللہ خان سمیت حکومتی حکام نے غزہ اور لبنان کے متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کیا جس میں سلیپنگ بیگز، جنریٹرز، چاول، کین فوڈ اور خشک دودھ شامل ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ غزہ کے مکینوں کیلئے روزانہ تیار خوراک، صاف پانی، چھوٹے بچوں کیلئے دودھ اور خواتین کیلئے ہائی جین کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سردی کی شدت بڑھ رہی ہے، کھلے آسمان کے نیچے موجود معصوم بچوں، بزرگوں اور مرد و خواتین سمیت 13 لاکھ فلسطینی غزہ میں انتہائی کٹھن صورتحال سے گزر رہے ہیں۔