لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ سموگ کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سموگ بارڈر کے دونوں طرف مسئلہ ہے، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے سموگ سے متعلق ہماری مذاکرات کی بات کو مذاق میں اڑا دیا، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو اس پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے مریم نواز کی جانب سے سموگ ڈپلومیسی شروع کرنے کے جواب میں کہا تھا کہ لاہور والے کہتے ہیں ہمارا دھواں لاہور جا رہا ہے، دہلی والے کہتے ہیں ہمارا دھواں دہلی جا رہا ہے۔
بھگونت مان کا کہنا تھا کہ کیا ہمارا دھواں ہر طرف گھومے ہی جا رہا ہے، جو آتا ہے ہم پر ہی الزام لگا دیتا ہے۔